ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپور: ڈیڑھ سالہ بچی کنویں میں گرنے سے جاں بحق

یلاپور: ڈیڑھ سالہ بچی کنویں میں گرنے سے جاں بحق

Thu, 11 Mar 2021 13:50:17    S.O. News Service

یلاپور 11 / مارچ (ایس او نیوز) یلاپور کے اودیم نگر میں کنویں میں گرنے کی وجہ سے ایک ڈیڑھ سالہ بچی کی موت واقع ہوگئی۔ مہلوک بچی کا نام خوشی سیدّی بتایا گیا ہے۔

    موصولہ رپورٹ کے مطابق خوشی سیدّی کے والدین قدرت علی اور بشیرا صرف چار دن قبل ہی کرایے کے مکان میں رہنے کے لئے آئے تھے۔ گھر کے احاطے میں ایک 70 فٹ گہرا کنواں موجود ہے اور اس کے اطراف تین فٹ کی دیوار بھی بنائی گئی ہے۔ اس وجہ سے مقامی افراد اس بات پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں کہ اتنی چھوٹی بچی تین فٹ اونچی دیوار پر کیسے چڑھ سکتی ہے اور حادثاتی طورپر کیونکر کنویں میں گر سکتی ہے؟

     اس واقعہ کی خبر ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچنے سے قبل ہی مولا علی سیدّی نامی ایک مقامی نوجوان نے گہرے کنویں میں اتر کر بچی کو کنویں سے نکال لیا۔ مگر اسپتال لے جانے کے دوران راستے میں بچی نے آخری سانس لی۔

    پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کر لیا ہے۔


Share: